اسلام آباد،09اپریل(اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی مواصلات کارپوریشن (این آر ٹی سی) ہری پور کا دورہ کیا۔
اس موقع پر این آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے این آر ٹی سی کے کام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ COVID-19 کے تناظر میں این آر ٹی سی نے اپنی توانائیاں قومی کوششوں میں مرکوز کر رکھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامی انجینئرز کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے تحقیق اور تجربات کے ذریعے جلد ہی اس شعبے میں ضروری مہارت حاصل کر لی ہے جس کے نتیجے میں اس ٹیم نے اب تک پچھلے 18 دنوں میں 109 وینٹی لیٹرز کی مفت مرمت کرکے قابل استعمال معیار کو حاصل کرلیا ہے۔ یہ وینٹیلیٹرز پہلے ہی ملک کے مُختلف اسپتالوں کے زیر استعمال ہیں۔
بریفنگ کے بعد وزراء کوتحقیقی سہولیات اور پیداواری شعبوں کا دورہ کرایا گیا، دونوں وزرا این آر ٹی سی کے تحقیقی کام سے بہت متاثر ہوئے۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ این آر ٹی سی دوسرے صنعتی اداروں کے لئے ایک رول ماڈل ہے اور اس کی صلاحیت کو بہتر بنایا جانا چاہئے۔
اے پی پی /حمزہ/حامد











