سیالکوٹ،09 اپریل( اے پی پی پی): ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیرنے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں احساس ایمرجینسی کیش اسسٹنس پروگرام کے ابتدائی مرحلہ کے تحت بی آئی ایس پی کے تحت 16ہزار رجسٹرڈ خاندانوں میں 12ہزار فی کس امداری رقوم کی تقسیم کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ، اس سلسلہ میں تحصیل سیالکوٹ میں 4جبکہ باقی تینوں تحصیلوں ڈسکہ ، سمبڑیال اور پسرور میں2,2سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر صبح 8سے رات8بجے تک رجسٹرڈ خاندان امدادی رقوم حاصل کرسکتے ہیں ۔
یہ بات انہوں نے سیالکوٹ میں قائم گورنمنٹ خواجہ صفدر گرلز ہائی سکول، گورنمنٹ ہائی سکول بارہ پتھر اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حاجی پورہ کے دورہ کے دوران بتائی ۔ اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن(ر) مستنصر فیروز، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ جویریہ مقبول رندھاوااور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بی آئی ایس پی سید نقی مہدی بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے سنٹرز میں رقوم کے حصول کیلئے آئے ہوئے شہریوں میں فاصلہ رکھنے ، صابن سے ہاتھ دھونے اور ڈس انفیکشن کیلئے حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد کروانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے شہر میں آٹا ٹرکنگ پوائنٹس او ر یوٹیلٹی اسٹورز کا بھی دورہ کیا ۔
یاد رہے احساس پروگرام کے تحت حکومت پاکستان کی ہدایت کے مطابق پہلے مرحلہ میں ضلع سیالکوٹ میں بی آئی ایس پی سے استفادہ حاصل کرنے والی 16ہزار فیمیلز میں احساس ایمرجینسی کیش اسسٹنس کے تحت 12ہزار روپے کے حساب سے فی خاندان میں امدادی رقوم تقسیم کی جارہی ہیں جبکہ احساس پروگرام کے تحت دوسرے مرحلے میں نئے درخواست گذاروں کی اپیلی کیشن کی سکروٹنی جاری ہے اور آئندہ 2سے 3ہفتوں میں مستحق افراد میں رقوم کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔
اے پی پی /سیالکوٹ/حامد











