کوئٹہ، 15اپریل(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے صوبائی وزیر نوابزادہ طارق مگسی کی قیادت میں نصیرآباد ڈویژن کے اراکین صوبائی اسمبلی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ۔وفد میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ورکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی، صوبائی مشیر محمد خان لہڑی اور پارلیمانی سیکریٹری میر سکندر عمرانی موجود تھے ۔
ملاقات میں گندم کی خریداری، پٹ فیڈر کینال اور دیگر شاخوں کی ڈی سلٹنگ سمیت نصیرآباد ڈویژن کے دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال سمیت کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اوروائرس کی پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔
وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ حکومتی سطح پر گندم کی بروقت خریداری کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ خوراک کو موثر اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے اور نصیرآباد ڈویژن میں جلد گندم خریداری کے لئے مراکز قائم کردیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے لئے نصیرآباد ڈویژن میں پی سی آر مشین اور ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی جارہی ہیں،نصیرآباد ڈویژن میں قرنطینہ اور آئسولیشن مراکز کے لئے تما م سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔مستحقین کو راشن کی فراہمی کا عمل جاری ہے، صوبے کے ایک لاکھ پچاس ہزار مستحق خاندانوں کو راشن کی فراہمی کے لئے 76کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔
ملاقات میں وفد نے گندم کی خریداری اور کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے اور صوبے کی ترقی کے اقدامات میں وزیراعلیٰ کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔
اے پی پی /محمد بلال/حامد











