ایبٹ آباد ، 22اپریل(اے پی پی ):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی کے ہمراہ ہزارہ ڈویژن کا دورہ کیا ،کمشنر ہزارہ ڈویژن کی طرف سے وزیر اعلیٰ کو کورونا انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہزارہ ڈویژن میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 854 ہے جن میں مصدقہ کیسز کی تعداد 119 ہے جبکہ ڈویژن میں کورونا سے کل سات افراد جان بحق ہوئے ہیں اور اب تک کورونا کے 25 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
وزیر اعلی کو بتایا گیا کہ ہزارہ ڈویژن میں کورونا مریضوں کی مقامی سطح پر ٹیسٹنگ آج سے شروع ہوگی، ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں 16 وینٹیلیٹرز صرف کورونا مریضوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہزارہ ڈویژن میں احساس پروگرام کے تحت اب تک ایک ارب 15 کروڑ روپے تقسیم ہو چکے ہیں جبکہ ڈویژن میں اس وقت ایک ماہ سے زائد عرصے کے لئے اشیائے خوردونوش کا اسٹاک موجود ہے۔
اے پی پی / وقا ص احمد/حامد











