راولپنڈی، 22 اپریل (اے پی پی): بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وسائل کے موثر انتظام کے ذریعہ پاک فوج دیگر قومی اداروں کے ساتھ مل کر اس مشکل وقت، خاص طور پر رمضان المبارک کے دوران عوام کی آسانیوں کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گی۔
وہ بدھ کو این سی او سی کے دورہ کے موقع پر دی گئی بریفنگ میں گفتگو کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا دورہ کیا جہاں پر کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ اینڈ نیشنل کوآرڈینیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمودالزمان نے انکا استقبال کیا۔ ڈی جی آپریشنزوپلاننگ میجر جنرل آصف محمود گوریا نے ڈی جی آپریشنز آرمی چیف کو این سی او سی کی منصوبہ بندی سے متعلق تفصیل سے بریف کیا، جس میں کوویڈ 19 سے متعلق صورتحال، این سی اوسی کے فیصلوں پر عمل درآمد، پاکستان میں اس بیماری کے پھیلنے کے امکانات اور وبائی امراض سے نمٹنے کے لئے سول انتظامیہ سے تعاون شامل ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیسٹ، ٹریس اینڈ کورنٹی (ٹی ٹی کیو) کے لئے قومی حکمت عملی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس کا مقصد بیماریوں کے پھیلاؤ، فوکسڈ کلسٹرز / ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کرنا ہے تاکہ اس پر قابو پایا جاسکے اور ہر سطح پر ریسرچ ریسورسز کو بہتر بنایا جاسکے۔
بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید نے کم وسائل اور وقت میں کویڈ19 کوروکنے اور عملدرآمد کے لئے این سی او سی کی قابل ذکر کاوشوں کو سراہااوراین سی او سی میں فوجی اور سول قیادت کی مشترک کوششوں کی تعریف کی۔
اپنے خطاب میں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ وسائل کے موثر انتظام کے ذریعہ پاک فوج دیگر قومی اداروں کے ساتھ مل کر اس مشکل وقت خاص طور پر رمضان المبارک کے دوران عوام کی آسانیوں کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے گی۔
اے پی پی /حمزہ/ھامد











