ملتان، 12 مئی(اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سیوریج سے سیراب کی گئی سبزیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں192 کنال سبزیوں کی چیکنگ کی، جس دوران 105کنال پر کاشت کی گئی سبزیوں کا ٹریکٹر کے ذریعے خاتمہ کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے اس موقع پر کہا کہ کاشت کی گئی سبزیوں میں دھنیا، پالک، پیاز،ٹماٹر،گوبھی، سبز مرچ کی فصل شامل تھی۔لودھراں 48،بہاولنگر 40، بہاولپور 16 اور رحیم یارخان میں01کنال مضر سبزیاں تلف کی گئیں ۔انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور دیگر خوراک کی کاشت کیلئے ٹیوب ویل کا پانی استعمال کیا جائے۔زہریلے پانی سے اگی سبزیوں میں شامل زہریلے مادے خوراک کا حصہ بن کر متعدد موذی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔
عرفان میمن نے کہا کہ انڈسٹریل ویسٹ اور سیوریج کے پانی سے صرف آؤٹ ڈور پلانٹس، پٹسن اور دیگر ڈیکوریشن پلانٹس اگائے جاسکتے ہیں جبکہ جن علاقوں میں نہری یا ٹیوب ویل کا پانی دستیاب نہیں وہاں صرف غیر خوردنی فصلیں اگائی جائیں، غیر خوردنی فصلوں میں بانس، پٹ سن، ان ڈور پلانٹس، نمائشی پھول سمیت متعدد فصلیں شامل ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ سیوریج اور انڈسٹریل ویسٹ سے سیراب سبزیاں کاشت کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔











