ملتان،21مئی(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت کے مطابق جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف صوبہ بھر میں کاروائیاں جاری ہیں، ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر محمد اسلم ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ شاہد حسین ودیگر اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں ایمپل ایگرو کیمیکلز کے سٹور پر چھاپہ مارا ، جس دوران بڑی مقدار میں جعلی زرعی ادویات برآمد کی گئیں،لیبلزپر امپورٹر،مینوفیکچرر،فارمولیٹر اورڈسٹری بیوٹر کے نام غیر قانونی طور پر استعمال کئے جارہے تھے جبکہ پیکنگ میٹریل پرتاریخ تیاری،تاریخ ایکسپائری،بیچ نمبر،رجسٹریشن نمبر،پیک کنندہ کی بابت جعلی معلومات درج تھیں، پکڑی جانیوالی جعلی زرعی ادویات ودیگر مٹیریل کی مالیت 23 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
ملزمان جعلی زرعی ادویات غیر قانونی طریقے سے پیکنگ وفارمولیٹ کرکے ملک کے مختلف حصوں میں سپلائی کرکے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے تھے،کاروائی کے دوران موقع سے جعلی زرعی ادویات کے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے۔
موقع سے فرار ملزمان کیخلاف تھانہ مظفر آباد میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے استغاثہ جمع کرادیا گیاہے، جن کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے ماررہی ہے۔











