صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات

140

لاہور، 31مئی(اے پی پی):وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی،ملاقات میں پولٹری انڈسٹری کو درپیش مسائل، زندہ مرغی اور گوشت کی قیمتوں سے متعلقہ امور پر بات چیت کی گئی ۔ وفد کی قیادت چئیرمین پاکستان پولٹری ایسوسی چوہدری محمد فرغام نے کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے مرغی کے گوشت کی طے کردہ نرخوں سے زائد پر فروخت پر سخت ناراضگی کا  اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی کمٹمنٹ کو پورا نہیں کیا، جس پر بے حد افسوس ہے۔عام آدمی کامفاد مقدم، تحفظ کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی مافیا کو کسی صورت عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔

اس حوالے سے چئیرمین پولٹری ایسوسی ایشن نے کہا کہ پولٹری انڈسٹری بحران سے دوچار ہے، پیداواری لاگت بڑھی اور پیداواری صلاحیت کم ہوئی ۔پرائسز کاایسا مکینزم بنایا جائے جس سے صارفین سمیت سب کو فائدہ ہو۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ پولٹری ایسوسی ایشن ، ٹریڈرز، مارکیٹ کے نمائندوں اور سرکاری افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو کہ تمام امور کا جائزہ لے کر قیمتوں کے حوالے سے جلد سفارشات پیش کرے گی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے لئے کمیٹی بنانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔۔

پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد میں سابق چیئرمین رائے منصب علی، رضا محمود، شاہد اور دیگر شامل تھے جبکہ سیکرٹری لائیو سٹاک، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی  ملاقات میں موجود تھے۔

وی این ایس ،لاہور