ملتان ،22 جون (اے پی پی ): وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی جاوید اختر انصاری نے ملتان کا دورہ کیا اور یونین کونسل نمبر سولہ کے علاقوں زیڈ بلاک اور غوث پورہ میں ایک کروڑ تیس لاکھ روپے سے جاری ترقیاتی کاموں کاافتتاح کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینا اور بنیادی سہولیات مہیاکرنا ہماری ترجیح ہے،اب ہم بلاامتیاز کام کروائیں گے اور شہریوں سے لئے گئے وعدے پورے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ زیڈ بلاک کی مختلف گلیوں میں 70لاکھ روپے سے نئی سیوریج ڈالی جائے گی جب کہ غوث پورہ میں 60لاکھ روپے سے ٹف لائلز کا کام مکمل کرایا جائے گا۔معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی جاوید اختر انصاری نے کہا کہ زیڈ بلاک کی گلیاں پچھلے 20سالوں سے گٹر کے پانی میں ڈوبی ہوئیں تھیں مگر سابق حکمرانوں نے اس طرف کوئی توجہ نہ دی۔
ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقع پر چوہدری الیاس، چوہدری غلام قادر، اسلم خان ،چوہدری غضنفر ،ملک جہانزیب اور میاں محمود انصاری بھی ہمراہ تھے۔
وی این ایس، ملتان











