کروناوائرس  سے متاثرہ  فنکاروں  کی  مدد  کیلئے  آرٹس کونسل ملتان کو فنڈز فراہم  کیے  جائیں گے؛ معاون خصوصی حاجی جاوید اختر

107

ملتان، 23جون (اے پی پی ): وزیر اعلی پنجاب کےمعاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری نے کہا  ہے کہ پنجاب حکومت لاک ڈاؤن سے متاثرہ فنکاروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، حکومت فنکاروں کی مالی امداد کے لیے آرٹس کونسل ملتان کو فنڈز فراہم کرے گی۔

آرٹسٹ ایسوسی ایشن ملتان کے وفد سے ملاقات میں  گفتگو کرتے ہوئے  حاجی جاوید اختر انصاری نے کہا کہ فنکار ہمارا اثاثہ ہیں جو اپنی صلاحیتوں سے عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں، فنکار لاک ڈاؤن کے اس مشکل وقت میں مایوس نہ ہوں۔

انہوں  نے کہا کہ کورونا وائرس سے ہمارے معاملات پر بہت برے اثرات پڑے ہیں مگر ہم آزمائش کی اس گھڑی میں مایوس نہیں ہیں اور تمام طبقوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، فنکار بھی ہمارے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر حاجی جاوید اختر انصاری نے فنکاروں کی امداد کے لیے ذاتی حیثیت میں انہیں ایک لاکھ روپے بھی دئیے۔

آرٹسٹ ایسوسی ایشن ملتان کے ملاقات کرنے والوں میں آفتاب امبر، اعجاز چندا،یوسف کامران،غلام قادر،محمود انصاری،اقبال عاربی،سکندر بھٹہ،طارق سندھو،نعیم نجمی،بائو یوسف،شمشاد مغل،ایمان شاہ،شہزادغوری اور رانا اعجاز اسحاق شامل تھے۔

 وی  این ایس،  ملتان