ڈپٹی کمشنر بورے والا کی پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف موثر انداز میں کارروائیاں کرنے  کی  ہدایت

119

بورے والا،23 جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشید نے کہا ہے کہ پانی چوری کی روک تھام اور ٹیل کے کاشتکاروں کو پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف موثر انداز میں کاروائیاں کی جائیں پانی چور ملکی خزانے اور ٹیل کے کاشتکاروں کی فصلوں کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتے ہیں پانی چورکسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے آفس میں پانی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ۔ اے سی میلسی انور علی کانجو اور اے سی بوریوالا رانا اورنگ زیب نے بذریعہ ویڈ یو لنک اجلاس میں شر کت کی۔

اجلاس میں  ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) وقاص رشید نے مزید کہا کہ پانی چور دوسرے کاشتکاروں کا اتحصال کرتے ہیں اور قومی وسائل کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتے ہیں۔ پانی چوری روکنے کیلئے باقاعدہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو منظم طریقے سے کاروائی کرتے ہوئے پانی چوروں کو موقع سے پکڑیں اور پانی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج اور گرفتاریوں کو یقینی بنایا جائے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ریکوری اور تاوان کے واجبات کی وصولی کو بھی یقینی بنایا جائے، کھالوں کو منظور شدہ نقشوں کے مطابق چلایا جائے اور سرکاری کھالوں کو کسی بھی جگہ سے ناجائز طور پر توڑا نہ جائے پانی چوری میں معاونت کرنے والے اہلکاران کو بھی کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا تمام قانونی پہلوﺅں کا جائزہ لے کر پانی چوروں کے خلاف کیسز تیار کئے جائیں اور زیر التواءکیسز کو بھی جلد رجسٹرڈ کرایا جائے پانی چوروں کے خلاف عدالت میں موثر پیر وی عمل میں لائی جائے تاکہ پانی چوری میں ملوث عناصر کو سزا مل سکے  ۔

 اس مو قع پراے ڈی سی جی خالد محمود گیلانی، اے ڈی سی ریونیو محمدفاروق ڈوگر، اے سی وہاڑی احمد نوید، ڈی ایس پی خالد جاوید جوئیہ ، محکمہ انہار کے افسران ارشد علی، سید افتخار حسین ، محمد ابراہیم طاہرو دیگر افسران موجود تھے۔

وی این ایس، بورے والا