اسلام آباد، 23 جون (اے پی پی ):چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ اپنی سمندری حدود کی حفاظت سے متعلق کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
انہوں نے یہ بات آج نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں وار کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے خطے کے جیو اسٹریٹیجک ماحول اور انڈین اوشن ریجن میں موجودہ سیکیورٹی کی صورت حال پر اظہار خیال کیا اور پاکستان کے لیے دستیاب مواقع اور درپیش میری ٹائم سکیورٹی چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی جدید ملٹری آپریشنز کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہیں۔
ملکی سمندری حدود کو درپیش خطرات کے پیش نظر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاکستان نیوی کے ایسے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اقدامات کا بھی ذکر کیا جن کے پیچھے پاک بحریہ کو خطے میں ایک اہم میری ٹائم قوت بنانے کا تصور کار فرما ہے۔
نیول چیف نے اس امر پر زور دیا کہ پاک بحریہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول جیسے انفرادی اور مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے بین الاقوامی پانیوں کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت کے استحکام کے لیے سمندری وسائل کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس حوالے سے پاک بحریہ حکومت کی معاونت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
افواج پاکستان کے آپریشنل عزم کو سراہتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ اللہ سبحان و تعالی کی ذات پر کامل یقین کے ساتھ پاک بحریہ اپنی سمندری حدود کی حفاظت سے متعلق کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انھوں نے کورس کے شرکاء کو تلقین کی کہ وہ اپنے پیشہ وارانہ امور پر گہری نگاہ کے ساتھ اسلامی تاریخ اور نظریہ پاکستان سے رہنمائی حاصل کریں۔
امیرالبحرنے مسلح افواج کے افسران کو مستقبل کے چیلنجز سے روشناس کروانے کیلیے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردارکو سراہا۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان کا اعلی عسکری تربیت کا ادارہ ہے جہاں افواج پاکستان اور دیگر دوست ممالک کے افسران کو جدید عسکری تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ مستقبل میں اہم عہدوں پر فرائض انجام دے سکیں۔
قبل ازیں، یونیورسٹی پہنچنے پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید نے نیول چیف کا استقبال کیا۔
وی این ایس، اسلام آباد











