وزیر اعلی محمود خان سے معاون خصوصی ثانیہ نشتر کی ملاقات، صوبے میں لنگر خانوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

137

پشاور،24 جون(اے پی پی): وزیر اعلی  خیبر پختونخوا محمود خان سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بدھ کو یہاں  ملاقات کی ہے ،ملاقات میں صوبے میں لنگر خانوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات کے دوران احساس پروگرام کے تحت کورونا کیش ریلیف کی تقسیم سے متعلق معلومات پر گفتگو سمیت شمالی اور جنوبی وزیرستان میں احساس پروگرام تحت امداد کی تقسیم کے لئے نیا سروے کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

ملاقات میں  وزیراعلی محمود خان کا کہنا تھا   کہ نئے سروے کے ذریعے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے ذیادہ سے ذیادہ آبادی کو پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں احساس پروگرام و لنگر خانوں کو کامیاب بنانے میں ثانیہ نشتر کا کردار قابل تعریف ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج صوبے میں اس وقت گیارہ لنگر خانے قائم ہیں اور مزید لنگر خانے بھی قائم کئے جائیں گے۔ ان لنگر خانوں میں مستحق لوگوں کو مفت خوراک فراہم کی جاتی ہے، جس کے لئے وزیر اعظم اور سیلانی ٹرسٹ کا مشکور ہوں۔

اس موقع پر وزیر اعلی اور معاون خصوصی نے پشاور میں قائم  سیلانی لنگر خانے کا بھی افتتاح اور احساس پروگرام پیمنٹ کیمپ سائٹ کا بھی دورہ کیا۔

افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس کیش پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں خیبر پختونخوا حکومت کا تعاون مثالی رہاہے۔ ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائیگا اور عنقریب احساس نشونما پروگرام کا بھی آغاز کیا جارہا ہے۔

وی این ایس ، پشاور