پشاور، 25 جون(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے توانائی عمرایوب، چیف سیکریٹری پاور ڈویژن عرفان علی کی ہدایات پر اور کرونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے عملے اور صارفین کی حفاظت کے پیش نظر صارفین کی بجلی کی شکایات کے فوری حل کے لئے پشاور میں پہلی ای کچری منعقد کی گئی ۔
چیف ایگزیکٹیو پسکو انجینئر محمد جبار خان نے کرائسز منیجمنٹ سیل واپڈا ہاؤس پشاور میں پہلی’ای کچہری’میں صوبے بھر کے صارفین کی فون کے ذریعے شکایات سنی اور آن لائن صارفین کے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کیے جبکہ پیسکو کی جانب سے مشتہر کئے گئے تمام ٹیلی فون نمبرز پر 190 سے زائد صارفین نے اپنے بجلی کے مسائل جن میں تصحیح بل، بلوں کی اقساط، لووولٹیج، جلے ہوئے ٹرانسفارمروں کی تبدیلی، لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل بیان کیے ۔
اس موقع پر پسکو چیف نے کہا کہ ہمیں صارفین کے مسائل کا اندازہ ہے اور ان کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے صارفین سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ بجلی کے استعمال میں اعتدال برتیں اور کنڈے لگانے والوں سے ملک و قوم کے مفاد میں اپیل کرتا ہوں کہ وہ فوری طور پر کنڈے ہٹا کر پسکو اور اچھے صارفین سے تعاون کریں۔
صارفین کے مسائل کے حل کے لئے منعقد کی جانے والی آن لائن کھلی کچہری کو سیاسی و سماجی شعبوں نے خوب سراہا ہے۔
وی این ایس،پشاور











