میرپورخاص، 25 جون ( اے پی پی) : پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی میں ملوث بین الضلاعی گروہ کو دھرلیا ۔
ڈی ایس پی سٹی میرپورخاص عثمان لغاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ21 جون کو رات گئے ٹاؤن تھانے کی حدود ریلوے سوسائٹی میں ایک گھر میں دو نامعلوم ملزمان نے گھس کر دو افراد کو پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کیا اور ان کی گاڑی لے کر فرار ہوگئے ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری و مال مسروقہ کی برآمدگی کے احکامات جاری کئے تھے ۔ایس ایس پی میرپورخاص کے احکامات کی روشنی میں متعلقہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے پانچ رکنی ٹیم تشکیل دی ، جن میں ایس ڈی پی او سٹی عثمان لغاری، انچارج سی آئی اے غلام حسین سدھایو، ایس آئی پی عنایت علی زرداری اور انچارج ڈی آئی بی دانش احمد شامل تھے ، جس کے بعد ایس ڈی پی او سٹی کی سربراہی میں متعلقہ ٹیم نے گزشتہ رات تھانہ ٹاؤن کی حدود سے رات گئے خفیہ اطلاع پر کامیاب کاروائی کرتے ہوئے حیدرآباد کے رہائشی ملزمان احسن ولد جاوید میمن اور حمزہ ولد حنیف شیخ کو گرفتار کرلیا ، ملزمان کے قبضے سے مسروقہ گاڑی ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کر لیا گیا ہے۔
وی این ایس، میرپور خاص











