بورے والا؛ سماجی تنظیموں   کیجانب سے مستحق گھرانوں میں راشن بیگز کی تقسیم

217

بورے والا،26 جون (اے پی پی ): سماجی تنظیم سدھار ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور ایس ڈبلیو سی ڈی ایس کے زیر اہتمام معروف سماجی ادارے “شرکت گاہ” کے تعاون سے لاک ڈاون کے دوران فلاحی اور سماجی خدمات انجام دینے والی تنظیموں،اداروں اور شخصیات کے اعزاز اور مستحق گھرانوں میں راشن بیگز کی تقسیم کے حوالہ سے جناح ہال میونسپل کارپوریشن میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں  اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہد اقبال،سول سوسائٹی نیٹ ورک کے پیٹرن انچیف ایک شہزاد مبین،پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری ملک فاروق اعوان، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ارکان اور دیگر خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب اور ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر شاہد اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس پوری قوم کے لئے ایک چیلنج ہے جسکا مقابلہ ہم سب نے ملکر کرنا ہے موجودہ صورتحال میں حکومتی اداروں سے ملکر لاک ڈاون سے متاثرہ گھرانوں کی مدد کرنے والے سماجی ادارے اور شخصیات قابل ستائش ہیں جو ان مشکل حالات کا مقابلہ کرنے میں حکومت کے شانہ بشانہ کام کررہے ہیں۔

تقریب میں سدھار ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی چیئر پرسن صائمہ بتول،ایس ڈبلیو سی ڈی ایس کے صدر محمد شیر خان کھچی اور سابق چیئرمین یوسی چوہدری آفتاب احمد نے سدھار ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور شرکت گاہ کی طرف سے کورونا لاک ڈاون میں بے روزگار ہونے والے افراد اور مستحقین میں امدادی سامان تقسیم کرنے کے علاوہ مختلف مراحل میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے پر اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب،ڈاکٹر شاہد اقبال،شیخ شہزاد مبین۔ملک فاروق اعوان،بزرگ سماجی راہنماء سید زاہد حسین مشہدی،سینئر صحافی اصغر علی جاوید کامریڈ۔الیکٹرانک میڈیا کے چوہدری اصغر جاوید، ندیم انجم سندھو اور دیگر سماجی ورکرز کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے مستحق گھرانوں کی خواتین میں امدادی سامان کے ٹوکن تقسیم کئے۔

وی این ایس، بورے والا