پشاور،15 جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جلوزئی میں257 ایکڑ اراضی پر محیط جلوزئی اکنامک زون کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جس میں 8ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔یہ علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے یہ ایک گیم چیلنجر منصوبہ ہے جس سے روزگار کے بلواسطہ اور بلا واسطہ 50ہزار نئے مواقع پیدا ہونگے۔ صوبائی دارالحکومت کے قریب ہونے ،انجینئرنگ یونیورسٹی اور نئی ہاو سنگ سکیموں سے مستقل ہونے کی وجہ سے یہ اکنامک زون حقوق اہمیت کا حامل ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کورونا کی موجودہ مشکل صورتحال میں اس اکنامک زون کے افتتاح کو انتہائی اہمیت کا حامل اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کا کامیاب افتتاح صوبے میں صنعتوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کی مو ثر کوششوں کا نتیجہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے لوگوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے اور عنقریب اس طرح کے مزید اکنامک زونز کا بھی افتتاح کیا جائیگا جن میں چترال، ڈی آئی خان، حطار اور دیگر شامل ہیں۔
محمود خان نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت صوبے کے فلیگ شپ پروجیکٹ رشکئی اکنامک زون کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے اور عنقریب وزیراعظم پاکستان خود قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے کا افتتاح کریں گے جو پورے صوبے کی تقدیر کو بدل کر رکھ دے گا۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ جب سے موجودہ حکومت اقتدار میں آئی ہے تو اسے گو نا گوں مسائل درپیش ہیں جن میں کورونا وبا کا حالیہ چیلنج سب سے مشکل ہے۔ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی دانشمندانہ قیادت میں ان تمام چیلنجر پر قابو پانے اور لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے۔
حکومت کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں صنعت ، ہاو سنگ، پن بجلی اور تعمیرات کے شعبوں کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
محمود خان کامزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صوبے میں پن بجلی کے مواقع سے بہتر استفادہ کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے حال ہی میں صوبائی سطح پر پاور ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔ صوبائی حکومت اپنی بجلی کی پیداوار رعایتی نرخوں پر مقامی صنعتوں کو فراہم کرے گی جسے یہاں صنعتوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے رشکئی اکنامک زون کے بروقت افتتاح کو ممکن بنانے پر معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان اور اس کی پوری ٹیم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے اس اکنامک زون کے قیام کے لئے کوششیں کرنے پر سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا بھی شکریہ ادا کیا۔
تقریب کےآخر میں وزیراعلیٰ نے جلوزئی اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کے لئے درخواست جمع کرنے والے سرمایہ کاروں میں پلاٹس الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کئے۔ تقریب سے ایم این اے عمران خٹک ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن اور معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان کے علاوہ سیکرٹری صنعت جاوید خان مروت خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈیویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جاوید اقبال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
وی این ایس،پشاور











