پشین، 16 جولائی (اے پی پی ): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلوچستان صوبے نےمستقبل میں پاکستان کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہے، سی پیک جیسے گیم چینجر منصوبہ خطے میں خوشحالی کی نوید بن کر ابھرے گا ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں کم ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں کو خصوصی طور پر آگے لانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیر اعلی بلوچستان میر جام کمال خان کے ہمراہ پشین ریسٹ ہاؤس میں قبایلی عمایدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وہ خصوصی طور پر صوبہ بلوچستان کا دورہ کررہے ہیں اور حکومت پنجاپ صوبہ بلوچستان کو تربت میں 100بیڈ پر مشتمل جدید ہسپتال کے لیے 75 کروڑ اور تفتان میں زائرین کے لئے کمپلیکس کے لیے 25 کروڑ روپے کے چیک آج صوبائی حکومت کو دے رہی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر جام کمال خان کا کہنا تھا کہ صوبہ بلوچستان ملک کے دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہے ، حکومت بلوچستان وزیر اعلی پنجاب کے دورہ بلوچستان کا خیر مقدم کرتی ہے اور وزیر اعلی پنجاب کے بلوچستان کی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے تربت ہسپتال اور تفتان زائرین کمپلیکس کے لیے 1 ارب روپے کے چیک وزیر اعلی بلوچستان میر جام کمال خان کے حوالے کئے۔
وی این ایس ، پشین











