کورونا وائرس کے تدارک کیلئے  ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا تمام مکاتب فکر کی مشترکہ ذمہ داری ہے: کمشنر رخشان ڈویژن

79

چاغی،22جولائی(اے پی پی):کمشنر رخشان ڈویژن سعید احمد عمرانی  نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے تدارک کے لیے طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا تمام مکاتب فکر کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ عوام ،عید الاضحی کے موقع پر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دالبندین بازار کے دورے کے موقع پر تاجروں اور دیگر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے  کیا ۔کمشنر سعید احمد عمرانی نے اس  موقع پر خوردنی اشیاء کی دستیابی کا معائنہ کیا  اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد دکانداروں پر جرمانے عائد کیے ۔

اس کے علاوہ  انہوں نے دالبندین مویشی منڈی کا دورہ کرکے وہاں انتظامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا  بھی جائزہ لیا۔ دریں اثنا انہوں نے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرکے منصوبوں کی جلد اور معیاری تکمیل پر زور دیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دالبندین محمد جاوید ڈومکی، تحصیلدار سعید احمد زہری، ایس ایچ او دالبندین خالد بادینی اور انجمن تاجران دالبندین کے صدر حاجی آغا محمد محمدحسنی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وی این ایس ، چاغی