اسلام آباد ، 5 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ محاصرے کے باوجود اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد پر کشمیریوں کے عزم اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمیں خود پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور ایک مضبوط اسٹریٹجک حل کی جانب بڑھنا ہے تاکہ ہم بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیر حاصل کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ نے کشمیر ہائی وے کا نام تبدیل کرکے سرینگر ہائی وے رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایونٹس کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے پر ضلعی نتظامیہ اسلام آباد کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم محض نعروں اور بیانات کے ذریعہ کشمیر فتح نہیں کرسکتے ، ہمیں درست سمت میں آگے بڑھنے اور قابل اعتماد حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں خود اس کو سمجھنے اور اس کی تشخیص کرنے کی ضرورت ہے کہ آیا کوئی ایسا راستہ ہے کہ ہم گولی چلائے بغیر ہی کشمیر کو جیت سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہندوستان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اپنے مو¿قف کو دنیا کے سامنے رکھنا ہے، میں تمام کشمیریوں کو ان کی بہادری اور ہمت پر سلام پیش کرتا ہوں جو ایک سال سے مظالم ، عصمت دری اور قتل و غارت گری کے باوجود کیسے گزارا کر رہے ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے حاضرین سے کشمیریوں کی ہمت کی تعریف کرنے کو کہا۔ مسئلہ کشمیر اتنا ہی پرانا ہے جتنا اس ملک کا وجود، میں کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد اور کوششوں کے لئے مجموعی طور پر ان کے عزم کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مودی ایک ہاری ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرکے انہوں نے اپنے فاشسٹ عقائد اور شناخت کو بے نقاب کردیا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی آخری دم تک کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہماری پوری سیاسی ، مذہبی اور عسکری قیادت اس مقصد کے لئے متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں اور ہم سب اس جدوجہد میں ساتھ ہیں ، جب تک کشمیریوں کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے ہم کشمیر کی آواز بنیں گے۔ وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ کشمیری بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر فخر امام اور وزیر مملکت علی محمد خان نے بھی خطاب کیا۔
اے پی پی /ڈیسک/حامد











