کوہلو، 06اگست(اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عدالتی احکامات کی روشنی میں محکمہ مال اور تعلیم کے کروڑوں روپے کے ہزاروں مربع فٹ اراضی پر قائم تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ،بھاری مشینری کے ہمراہ غیر قانونی قائم عمارتوں کو مسمار کردیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں محکمہ مال، بلدیہ اور محکمہ تعلیم کی عملے نے بوائز ہاسٹل اور سب جیل کے اراضی پر قائم تجاوزات کو بھاری مشینری کے ذریعے ہٹادیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ سید عثمان شاہ کا کہنا تھا کہ عدالت عالیہ کے خصوصی احکامات پر محکمہ مال اور تعلیم کے ہزاروں مربع فٹ سے زائد اراضی پر قبضہ ہٹادیا گیا۔انہوں نے کہا قبضہ مافیا نے محکمہ مال اور تعلیم کے کروڑوں روپے کی ہزاروں مربع فٹ سے زائد کی اراضی پر قبضہ کرکے تجاوزات قائم کردیئے گئے تھے جس پر متعلقہ اداروں کے عملے کے ہمراہ بھاری مشینری استعمال کرکے قبضہ چھڑا لیا گیا اور تعمیر شدہ عمارتوں کو مسمار کرکے مذکورہ اراضی محکمہ مال اورتعلیم کے حوالے کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف برسرپیکار ہے۔
اے پی پی/کوہلو/حامد











