اسپین ؛ جشن آزادی  پاکستان کی تقریب ، پرچموں کی بہار اور پاکستان زندہ باد کے  نعرے

105

 میڈرڈ، (اسپین) 14 اگست (اے پی پی ): کورونا بحران بھی تارکین وطن پاکستانیوں میں جذبہ حب الوطنی کو ماند نہ کرسکا، پرچموں کی بہار اور پاکستان زندہ باد، قائد اعظم زندہ باد کے نعروں میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین اور اردو  دوست ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان کے جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں  بارسلونا اور اس کے گردونواح سے  بھی  بڑی  تعداد میں  پاکستانیوں نے شرکت کی۔

 تقریب  کی قیادت سینئر نائب صدر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین چوہدری خالد مہر ،چوہدری راشد مہر اورصدرای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین  کامران خان جبکہ چیئرمین  ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین میاں خان نے سرپرستی کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول سے ہوا۔ معروف گلوکار قدیر اے خان نے ملی نغمے پیش کئے اور وطن کی محبت کے جذبے کو دو چند کردیا۔ تقریب  کے   دوران  ہال پاکستان کی محبت میں نعروں سے گونجتا رہا اور ہر پاکستانی قائد اعظم کی تصویر والے پاکستانی پرچم کو لہراتے رہے۔

 میاں عرفان ساجد اور ان کے ساتھیوں نے خصوصی دعوت پر تقریب کو رونق بخشی اور پاکستان کے نعرے بلند کئے۔

اس موقع پر مختلف افراد نے پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں پاکستان سے دور رہتے ہوئے آپس کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ ہم پاکستان کا بہترین تشخص اسی وقت سامنے لا سکتے ہیں جب ہم آپس میں اتفاق واتحاد کا مظاہرہ کریں گے، پاکستان سے باہر بسنے والا ہر پاکستانی پاکستان کا سفیر ہے اور ہمیں پاکستان کی عزت اور وقار کے لئے اپنا کردار بلند کرنا ہوگا۔

مقررین نے کہا کہ کورونا بحران کی وجہ سے باہر کھلی جگہ نہیں مل سکی لیکن اس کے باوجود ہم نے کورونا ایس او پیز کا خیال کرتے ہوئے ایک چھوٹے ہال میں پاکستان سے محبت کو آپس میں بانٹا ہمیں اپنی نئی نسل کی تربیت کی اشد ضرورت ہے۔ جن ممالک میں ہم رہ رہے ہیں وہاں کے اسکول اور دیگر ادارے ہمیں پاکستان سے متعلق کچھ نہیں بتاتے لہذا ہمیں چاہیئے کہ ہم اس طرح کے پروگرامز اور اپنے گھروں میں اپنے بچوں کو نظریہ پاکستان اور پاکستان کے سیکورٹی اداروں کے بارے میں ضرور آگاہ کریں۔

چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن میاں خان، صدر کامران خان ،قدیر اے خان ،کاتالان فیڈریشن کے صدر خالد شہباز چوہان، پی ٹی آئی اسپین کے صدر شہزاد اصغر بھٹی اور دیگر شرکاء نے مل کر پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔

 

اے پی پی /حنیف/نورین