احمدپورشرقیہ؛ جشن آزادی کی پروقار تقریب، قومی پرچم لہرایا گیا

73

احمدپورشرقیہ، 14 اگست(اے پی پی ): جشن آزادی کی پروقار تقریب ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور کے سبزہ زار میں منعقدہ ہوئی جس میں کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے قومی پرچم لہرایا اور شرکائے تقریب کے ہمراہ قومی ترانہ پڑھا، تقریب میں پولیس فورس اور ریسکیو 1122کے جوانوں نے سلامی دی۔ پرچم کشائی سے دو منٹ قبل خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجایا گیا۔

ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں پاکستان کا سیاسی نقشہ آویزاں کیا گیا جس میں کشمیر کو پاکستان کے نقشہ میں دکھایا گیا ہے۔ نقشہ کی کمشنر بہاول پور ڈویژن نے نقاب کشائی کی۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور جدوجہد سے حاصل ہوا ہے۔ اس کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لئے ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے۔ ہم نے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے فرمودات پر عمل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہندوستانی فوج نے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ ڈھائے ہوئے ہیں۔ کشمیر میں انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے اور ایک سال سے زائد عرصہ سے کرفیو نافذ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور انشاء اللہ کشمیر آزاد ہو گا۔

قبل ازیں انچارج ٹائیگرز فورس بہاول پور ضلع بہلول لودھی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے حاصل ہوا ہے۔ ہم نے قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل کر کے ارض پاک کو ترقی یافتہ بنانا ہے۔ انہوں نے کشمیر میں ہندوستانی فوج کے مظالم پر اظہار مذمت کیا اور کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد سے کشمیر جلد آزاد ہو گا۔

تقریب کی نظامت کے فرائض اسسٹنٹ کمشنر سٹی عذمان چوہدری نے شاندار انداز میں انجام دیئے۔

تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر زبیر دریشک، ڈپٹی کمشنر مظفر خاں سیال، ڈی پی او صہیب اشرف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر احسان علی جمالی، سرکاری افسران و سٹاف، ٹائیگرز فورس کے رضاکار اور سول سوسائٹی کے نمائندگان موجود تھے۔