پشاور، 17اگست(اے پی پی): فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا ساوتھ کے آئی جی میجر جنرل عمر بشیر نے سیکٹر کمانڈر کے ہمراہ جنوبی وزیرستان کے محسود قبائلی مشران سے ملاقات کی اور قبائلی مشران کے ساتھ علاقائی امن وامان اور مختلف امور پر گفتگو کی۔
ملاقات کے دوران قبائلی مشران کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں محسود علاقوں کے مسائل سے اچھی طرح واقفیت حاصل ہے اور ان مسائل کے حل کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے پر کام جاری ہے۔
اس موقع پر ملک محسود خان کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کا سب سے اہم مسئلہ ضلعی ہیڈکوارٹر آفس کا قیام محسود ایریا میں ہونا چاہئے اور حکومت جہاں اور جس وقت بنانا چاہے محسود قوم کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی،اسکے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کو مسمار گھروں کے معاوضے کی ادائیگی جلداز کی جائے اور رہ جانے والے گھروں کیلئے جلد ٹیمیں تشکیل دینی چاہئے۔
آئی جی ایف سی ساوتھ کے ساتھ ملاقات کے دوران محسود قوم کے مشران نے مطالبہ کیا کہ جنوبی وزیرستان میں تعلیم اور صحت کے مراکزکے سا تھ ساتھ تمام اداروں کو فعال کرکے ترقیاتی کاموں پر کام تیز کیا جائے اور محسود علاقوں کے سرحدات پر مختلف اقوام کے ساتھ جاری تنازعات کا حل بھی نکالا جائے جس پر آئی جی ایف سی ساوتھ میجر جنرل عمر بشیر نے محسود قوم کے مشران کو تمام تر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمیشنر کبیر آفریدی،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عارف خان سمیت ملک نور خان،ملک سیف الرحمن،ملک نورحسن،ملک فرید،ملک پیر منہاج،ملک راپا خان،ملک نجیب خان بھی موجود تھے۔
وی این ایس،پشاور











