لاہو،18اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں چار روزہ بین الاقوامی پیشنٹ سیفٹی ورکشاپ کا افتتاح کر دیا ، افتتاح کے بعد صوبائی وزیر صحت نے بین الاقوامی کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی اہم موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کے انعقادپرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ،وائس چانسلراور ڈاکٹرحسین جعفری کو مبارکباداور شاباش دیتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پیشنٹ سیفٹی کے ساتھ ساتھ ہیلتھ ورکرزکی سیفٹی بھی اتنی ہی اہم ہے۔ پیشنٹ سیفٹی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پیشنٹ سیفٹی دس سالہ پنجاب ہیلتھ پالیسی کا اہم جزوہے۔ پنجاب میں پہلی بار پیشنٹ سیفٹی اینڈ کوالٹی پر صوبائی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی معاونت سے پنجاب کے دس سرکاری ہسپتالوں میں پیشنٹ سیفٹی فرینڈلی ہسپتال انیشی ایٹو کاآغاز کیاگیا۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پیشنٹ سیفٹی فرینڈلی ہسپتال انیشی ایٹوکوپنجاب کی سطح پر پھیلایاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ پیشنٹ سیفٹی ڈے ہیلتھ ورکرزاور مریضوں کی اہمیت کواجاگرکرنے کیلئے منایاجاتاہے۔کورونامریضوں کی دن رات خدمت کرنے والے ڈاکٹرز، نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہتے ہیں۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کوپیشنٹ سیفٹی کے حوالہ سے سنٹرآف ایکسی لینس بناناچاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چارروزہ پیشنٹ سیفٹی بین الاقوامی کانفرنس کے انعقادکیلئے تعاون کرنے پر سعودیہ عرب کے ڈاکٹرعبداللہ الہوساوی کاشکریہ اداکرتے ہیں۔ پنجاب میں پیشنٹ سیفٹی کو فروغ دینے کیلئے مستقبل میں سعودی پیشنٹ سیفٹی سنٹرسے مکمل کورڈینیشن کے ساتھ پروگرام مرتب کرینگے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں پودالگاکرشجرکاری مہم کا بھی آغاز بھی کیا۔
وی این ایس ،لاہور











