بورے والا ، 22اگست (اے پی پی ): وائلڈ لائف پارک وہاڑی سے چھ نایاب کالے ہرن چوری ہونے کے واقع پر صوبائی وزیر وائلڈ لائف،فشریز اینڈ اشتمال اراضی پنجاب سیدصمصام علی شاہ بخاری نے نوٹس لے لیا، ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف پنجاب کو انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کردیں۔
وائلڈ لائف پارک وہاڑی سے گزشتہ روز دیوار کو نقب لگا کر چھ نایاب کالے ہرن چوری کر لئے گئے تھے۔اس واقع کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر وائلڈ لائف،فشریز اینداشتعال اراضی پنجاب پیرسید صمصام بخاری فوری انکوائری کا حکم دے دیا جس کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی کے احکامات پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان نے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
انکوائری کمیٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان جمشید قادر بھٹی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف خانیوال مجاہد کلیم شامل ہیں۔
ڈی جی وائلڈ لائف سید طاہر رضا ہمدانی نے انکوائری کمیٹی کو واقع کا مقدمہ درج کروانے کے ساتھ ساتھ ملزمان کی نشاندہی اور چوری شدہ ہرن برآمد کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔











