اسلام آباد ، 28 اگست (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن کے اعزازمیں جمعہ کو عشائیہ دیا۔ عشائیہ کے شرکا سے خطاب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان تمام پارلیمانی فورمز بشمول آئی پی یو کو اہم سمجھتا ہے، بین الپارلیمانی فورمز امن ہم آہنگی اورپائیدار ترقی کیلئے اہم حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی پی یو کے ساتھ مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے موثر کردارا دا کرتا رہے گا، آئی پی یو کی صدر کا دورہ کثیر الجہتی اور دوطرفہ تعاون کیلئے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گیبریلا کیویس بیرن نہ صرف بین الپارلیمانی یونین کی صدر ہیں بلکہ میکسیکو کے ایوان بالاءکی رکن بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین کی صدر کے دورے کے دوران اہم ملاقاتیں ہوئیں، ان ملاقاتوں کے مستقبل میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
بین الپارلیمانی یونین کو مزید فعال بنانے کیلئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے آئی پی یو کی صدر گیبریلا کیویس بیرن کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی پی یو کی صدر کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ آئی پی یو مختلف قومیتوں، ثقافتوں،عقائد اور سیاسی تنوع رکھنے والی قوموں کا ایک مثالی پلیٹ فام ہے، ترقی، خوشحالی اور امن ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنے پرآئی پی یو کی صدر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عشائیہ میں وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، سینیٹرز، سفراءاور دیگر شریک ہوئے۔











