رحیم یار خان،01 ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں محکمہ صحت، ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ، زراعت، کالجز، پنجاب فوڈ اتھارٹی افسر ان نےشرکت کی ۔اجلاس میں انسداد ڈینگی کے حوالہ سے انڈور ، آﺅٹ ڈور سرویلنس کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 14ہزار ان ڈور جبکہ8ہزار سے زائد آﺅٹ ڈور سرویلنس کی گئیں، ضلع میں ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کے حوالہ سے1906ہاٹ سپاٹ ہیں جبکہ ہاٹ سپاٹ کی باقاعدگی سے سرویلنس کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث موجودہ موسمی حالات ڈینگی لاروا کی افزائش کےلئے سازگار ہیں۔ہیلتھ اتھارٹی سمیت دیگر تعاون کرنے والے مزید محنت و لگن سے انسداد ڈینگی کےلئے اقدامات اٹھائیں۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ضلع کی ڈینگی فری حیثیت برقرار رکھنے کے لئے ادارے دلجمعی سے فرائض کی ادائیگی کریں،انسداد ڈینگی سرو یلنس میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ،تمام ادارے روزانہ کی بنیاد پر اپنی سرگرمیاں اینڈرائیڈ موبائل کے ذر یعہ ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں، متعلقہ محکموں کے افسران فیلڈ سٹاف کی مانیٹرنگ کریں ۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ تار یخ میں کی جانے والی سرویلنس سرگرمیاں اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی، شیخ زید ہسپتال سمیت تمام ٹی ایچ کیو ہسپتال کے ذمہ داران مشتبہ مریضوں کا ڈیٹا روزانہ اپ لوڈ کریں۔











