شجاع آباد01 ستمبر (اے پی پی):ممکنہ سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر شجاع آباد انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ گورنمنٹ ہائی سکول خانپور قاضیاں میں فلڈ کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں، سکول سے ملحقہ بنیادی ہیلتھ یونٹ میں محکمہ ہیلتھ ،محکمہ مال کے عملہ کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ ریسکیو1122، محکمہ لائیو سٹاک کے کیمپس بھی لگا دئیے گئے ہیں اور تمام محکموں کے عملے کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بلاتاخیر حکومتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی شجاع آباد محمد زبیر نے گورنمنٹ ہائی سکول خانپور قاضیاں میں قائم فلڈ کیمپس کا دورہ کیا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ فی الحال خیموں کی تنصیب کی ضرورت نہیں ہے جبکہ بوقت ضرورت مختصر وقت میں خیموں کی تنصیب فوری کرائی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ انہار نے بھی مختلف مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کردیے ہیں۔











