اسلام آباد ، یکم ستمبر (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ کے گھر گئے اور ان سے ان کے بھائیوں پیر طارق احمد شاہ اور پیر حسن احمد شاہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کے بھائیوں کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دلّی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق سیّد فخر امام اور وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے بھی تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔











