لاہور، ستمبر 2(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا بیسواں اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے سینڈیکیٹ کے انیسویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی اور اجلاس کے دوران ایسوسی ایٹ پروفیسر آف نیفرالوجی کی ایڈہاک بنیادوں پر بھرتی کی منظوری بھی دی۔ سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران مختلف ملازمین کی ٹائم سکیل پروموشن کی منظوری دے دی گئی۔ سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے بارہ ملازمین کی ایڈہاک بنیادوں پر دوبارہ بھرتی کی منظوری دے دی گئی۔ سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں قانون کے مطابق خالی سیٹوں پر نئی بھرتی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ سینڈیکیٹ اجلاس میں گنگارام ہسپتال اور مزنگ ٹیچنگ ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ سینڈیکیٹ اجلاس میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کیلئے مالی سال 2020-21کے ایچ ای سی بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال گنگارام کے سول ورک کی پیش رفت کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور چیف انجینئر کو معیار پر سمجھوتا نہ کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال گنگارام کی باقاعدہ تھرڈ پارٹی اویلیویشن کروائی جائے گی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں بننے والے سات مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔پنجاب کے شعبہ صحت کی ترقیاتی سکیموں میں معیار اور شفافیت کو سوفیصدیقینی بنایاجا رہا ہے۔











