اسلام آباد، 5 ستمبر (اے پی پی): سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ انسانیت کی فلاح اور جسمانی طور پر کمزور افراد کو قومی دھارے میں لانا ہمارا قومی و مذہبی فریضہ ہے، وہ لوگ معاشرے میں بلند مقام رکھتے ہیں جو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی زندگی کو وقف کر دیتے ہیں ، ایسے لوگ دنیا اور آخرت میں بلند مقام رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں ہفتہ کویہاں نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ری ہیبلی ٹیشن میڈیسن کی جانب سے خصوصی بچوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی انسان کو تکلیف میں دیکھ کر دلی طور پر تکلیف ہوتی ہے،دنیا میں دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے،ایک مثالی معاشرے کی تشکیل کے لیے انسانیت کی بھلائی ضروری ہے۔
اسپیکر نے خصوصی افراد اور معاشرے میں پسے ہوئے طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح کے لیے بہت سے منصوبے زیر غور ہے، خصوصی افراد کے لیے ماڈل سکولوں کی قیام پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے گھر میں خصوصی دختر کی پیدائش میرے لیے خوش قسمتی کا باعث بنی ہے اور جو ایسے افراد کے لیے سوچتا ہے اللہ تعالی بھی اس پر خصوصی عنایتں فرماتا ہے۔
اسپیکر اسد قیصر نے چوہدری اختر کو انسانیت کی فلاح کے لیے پیش کی جانے والی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف سے اپنی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں 1996 سے عمران خان صاحب کے ساتھ ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو طویل جدوجہد کے بعد ملک کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے، موجودہ حکومت نے جب ملک کی باگ دوڑ سنبھالی تو ملک کو سنگین معاشی بحران کا سامنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکی ہے، وہ وقت دور نہیں جب موجودہ حکومت ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں کامیاب ہو گی۔











