ملتان، 24 ستمبر(اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان ڈاکٹر عابد محمود نے کہا کہ شاہ شمس پارک کو بہترین حالت میں بحال کریں گے۔اس سلسلے میں ترقیاتی امور کا آغاز کر دیا گیا ہے۔منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ پارک کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار شاہ شمس پارک میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر انجینئرنگ مشتاق خان نے ان منصوبوں بارے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کو بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے نے مزید کہا کہ شاہ شمس پارک شہر کا سب سے بڑا پارک ہے۔پارک کے زیر تعمیر حصے کو بہترین حالت میں بحال کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارک میں لینڈ سکیپنگ پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، تعمیراتی کام سے قبل شجرکاری کا عمل شروع کردیا گیا تھا، شاہ شمس پارک کو شہریوں کے لیے بہترین تفریح گاہ بنائیں گے اور تمام عوامی سہولیات کے ساتھ ساتھ خوبصورت شجرکاری بھی کریں گے، پہلے مرحلے میں صفائی اور مٹی کی بھرائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ شمس پارک کی طرح دیگر پارکوں میں جاری ترقیاتی کاموں کے معیار اور تکمیل کے لیے مربوط حکمت عملی بنارہے ہیں۔











