نوشہرہ ، 29ستمبر(اے پی پی): نوشہرہ کے علاقے کیمپ کورونہ اکبر پورہ میں بارودی مواد پھٹنے سے 5 افراد جان بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ مقامی لوگوں کو دریا کنارے سے ملنے والے مارٹر گولے کو کباڑیے کو بیچنے کے دوران پیش آیا۔واقعہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متاثرہ جگہ کو شواہد اکھٹا کرنے کیلئے محفوظ کر لیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)نجم الحسنین بھی دیگر پولیس افسران کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔
واقعہ کے بعد پولیس کیساتھ ایمبولینسز اور ریسکیو1122 کی گاڑیاں بھی امدادی کاروائیوں کیلئے پہنچ گئیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر میر عالم خان ریسکیو آپریشن کی نگرانی کررہے تھے، اور انکی زیرنگرانی ریسکیو1122 نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔
ریسکیو1122 کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت شفقت، مکرم ، حضرت علی،زاہد اللہ اور ہدایت اللہ کے نام سے ہوئی۔











