ملتان،05 اکتوبر(اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی کا دوسرے روز بھی سیوریج کے پانی سے اگائی جانیوالی سبزیوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملتان کے علاقے کیان پور، نزد ڈریم گارڈنز، عسکری روڈ، شیر شاہ ٹاؤن میں 120 کنال پر اگائی گئی، سبزیوں کی چیکنگ کی گئی اور سیورج کے پانی سے سیراب کی گئی32کنال سبزیوں کا ہل چلا کر خاتمہ کر دیا گیا جبکہ کھیتوں میں کاشت کی گئی سبزیوں میں پالک کی فصل شامل تھی ۔
عرفان میمن نے کہا کہ سبزیوں اور دیگر خوراک کی کاشت کیلئے ٹیوب ویل کا پانی استعمال کیا جائے اور کہا کہ کاشتکاروں کو اصلاحی نوٹسز جاری کرنے کے باوجود بہتری نظر نہ آنے پر کارروائی کی گئی ۔
عرفان میمن نے کہا کہ زہریلے پانی سے اگی سبزیوں میں شامل زہریلے مادے خوراک کا حصہ بن کر متعدد موذی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں، انڈسٹریل ویسٹ اور سیوریج کے پانی سے صرف آؤٹ ڈور پلانٹس، پٹسن اور دیگر ڈیکوریشن پلانٹس اگائے جاسکتے ہیں ۔
عرفان میمن ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ جن علاقوں میں نہری یا ٹیوب ویل کا پانی دستیاب نہیں وہاں صرف غیر خوردنی فصلیں اگائیں اور کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال زیادہ تر علاقوں میں سبزیاں نہری یا ٹیوب ویل کے پانی سے اگائی جا رہی ہیں ۔
عرفان میمن نے کہا کہ کھیت سے پلیٹ تک محفوظ خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا اولین مشن ہے۔











