اوکاڑہ ،20 اکتوبر (اے پی پی ): پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) محمدخالد سجاد کھوکھرنےکہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی دلچسپی اور تعاون سے پاکستان کا قومی کھیل ہاکی منظر عام پردوبارہ ابھرے گا، ہاکی کے بہترین فروغ کیلئے نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدانوں میں آنا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاکی کے فروغ کے لئےجار ی دورہ کے دوران اوکاڑہ پہنچ کر سینئرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
بریگیڈیئر (ر)محمدخالد سجاد کھوکھر نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھی قومی کھیل ہاکی کی ترقی کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور منسٹری آف سپورٹس سے ملاقاتیں کیں، اسکے علاوہ چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو ہدایت کی کہ وہ قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لئے اکیڈمی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ قومی کھیل کی پرموشن کے سلسلہ کی جانے والی حالیہ ملاقات میں انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے لئے پانچ کروڑ روپیہ دیا اور پانچ مختلف ہاکی گراؤنڈز میں آسٹروٹرف لگانے کا یقین دلایا۔
اس سے قبل پنجاب ہاکی فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکریٹری رائے عثمان کھرل نے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر (ر)محمدخالد سجاد کھوکھرکا اوکاڑہ پہنچنے پر استقبال کیا۔
اس موقع پر جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن اوکاڑہ سید اسلم شاہ نے صحافیوں کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے دورے کا مقصد اور تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بریگیڈیئر (ر) محمدخالد سجاد کھوکھر ہاکی فیڈریشن پاکستان کے پہلے صدر ہیں جنھوں نے مختلف ڈویژنوں کا دورہ شروع کیا ہے جن میں سب سے پہلے لاہور ڈویژن،ساہیوال ڈویژن ساؤتھ پنجاب میں بہاولپور اور مختلف ڈویژن کے علاوہ سندھ میں سکھر، حیدرآباد اور کراچی میں جاکر ہاکی ایسوسی ایشز سے میٹنگز کریں گے اور ہاکی کے فروغ کے لئے مختلف ڈویژنوں میں کھلاڑیوں کے لئے ہاکیاں تقسیم کریں گے۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن اوکاڑہ، ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن پاکپتن، ڈسٹرکٹ ہاکی ایشن ساہیوال کے صدورزکوہاکیاں دیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق،حاجی سیف الرحمان ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن، اولمپیئن محمد سرور صدر ہاکی ایسوسی ایشن ضلع اوکاڑہ سمیت دیگر سماجی و عوامی شخصیات بھی موجود تھیں۔











