ملتان، 26اکتوبر ( اےپی پی): اشیائے ضروریہ، سبزی اور فروٹ کی قیمتیں میں کمی کے لئے ضلعی انتظامیہ کی کوششیں جاری ہیں،اس بارے میں گزشتہ روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ہدایت اللہ خان نے ڈپٹی سیکرٹری ماحولیات کے ہمراہ سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا،اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ظفر اقبال اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی سیکرٹری نے بولی کے عمل کو مانیٹر کیا اور سبزی و فروٹ کے تھوک اور پرچون قیمتوں پر منافع کی شرح بارے معلومات حاصل کیں،ٹماٹر کی طلب،رسد اور سٹوریج بارے دریافت کیا اورصفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ہدایات بھی دیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ڈپٹی سیکرٹری سے آڑھتیوں نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹماٹر افغانستان اور ایران سے درآمد کیا جارہا ہے،بارڈر پر انٹری کے مسائل کی وجہ سےمنڈی میں ٹرکوں کو پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے،آڑھتیوں نے کہا کہ تاخیر کی وجہ سے ٹماٹر کی کوالٹی بھی متاثر ہو جاتی ہے،حکومت بارڈر پر ٹماٹر سے لدے ٹرکوں کی انٹری کا نظام سہل بنائے۔اس بارے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ خان اور ڈپٹی سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر اور سیکرٹری ماحولیات کو رپورٹ ارسال کر دی ہے۔











