لاہور۔27 اکتوبر (اے پی پی ): صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کے روز گورنر ہاﺅس لاہور میں بحیثیت چانسلر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے سینیٹ کے دسویں اجلاس کی صدارت کی۔صدر پاکستان نے فیشن اور ڈیزائن انڈسٹری کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے نے ملک میں سماجی اور معاشی ترقی میں بھی بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے نے نہ صرف پیشہ وارانہ گریجوایٹس پیدا کئے ہیں بلکہ ان گریجوایٹس کی وجہ سے ٹیکسٹائل اور فیشن انڈسٹری کو بھی فروغ ملا ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کو بین الاقوامی اداروں سے باہمی اشتراک کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے ڈیزائن ایجوکیشن کی کوالٹی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے مواقع ملیں گے۔اس موقع پر سیکرٹری صدر پاکستان طارق نجیب نجمی، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کی وائس چانسلر پروفیسر حنا طیبہ خلیل اور سینیٹ کے دوسرے ارکان بھی موجود تھے۔سینیٹ کے اجلاس کے دوران ادارے کے تعلیمی، انتظامی اور مالی معاملات زیر بحث آئے۔اس دوران پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی اور 2020 اور 2021 کا بجٹ بھی منظور کر لیا گیا۔











