پشاور،28اکتوبر(اے پی پی): گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ آئی ایم سائنسز حیات آباد ایک معیاری تعلیمی درسگاہ ہے جس کو مزید بہترین بنانا ہے۔
گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کی زیرصدارت گورنرہاؤس میں آئی ایم سائنسز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں نئے ڈائریکٹر آئی ایم سائنسز کی تعیناتی کیلئے رولز اوراہلیت کا تعین کرنے کیلئے کمیٹی کے قیام اور آئی ایم سائنسز میں خالی آسامیوں پر مستقل بنیادوں پر جلدازجلد بھرتیوں کی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات واعلی تعلیم کامران بنگش بھی شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ بھرتیوں میں شفافیت،میرٹ اور قابلیت کامعیار یقینی بنایاجائے اور بھرتیوں کیلئے اہلیت کامعیار ایسا ہوناچاہئیے کہ قابل اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو مواقع میسرآیئں۔
گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے مزید کہا کہ اعلی تعلیمی اداروں میں مستقل اسامیوں پر سالہاسال تک عارضی بھرتیوں کا سلسلہ ختم ہوناچاہئیے۔











