ملتان28اکتوبر(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب عوام کے مسائل کے حل کیلئے سب سیکرٹریٹ کا تحفہ دیا۔وزیراعلی اس خطے کی تیز تر ترقی میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں اس لئے سیکرٹریٹ کا قیام الگ صوبے کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کے الگ سسٹم پر مشتمل جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ جلد مکمل فعال ہوکر عوام کو صحیح معنوں میں ریلیف دینے کا آغاز کردے گا، اس ضمن میں جنگی بنیادوں پر دفاتر اور سٹاف کا ڈھانچہ کھڑا کیا جارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان آمد پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال اعوان کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے شہریوں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان،اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آپریشنز سید غضنفر علی شاہ،ایڈیشنل سیکرٹری رضوان قدیر سمیت ضلعی و پولیس افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل نے میٹرو کمانڈ اینڈ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور عمارت میں سب سیکرٹریٹ کے عارضی سیٹ اپ کے حوالے سے جائزہ لیا۔زاہد اختر زمان اور کیپٹن ر ظفر اقبال نے شاہ شمس پارک کا بھی دورہ کیا اور پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری ہاوسنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چھٹہ، ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان اور چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ نے بھی پودا لگایا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے شاہ شمس پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے رولز آف بزنس میں تبدیلی کرکے سب سیکرٹریٹ میں تعینات افسران کو مکمل ایگزیکٹو اختیارات فراہم کئے ہیں تاکہ اس خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھولی جاسکیں اور مسائل کا بروقت تدارک کیا جاسکے۔
زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کی واضح ہدایات کے تحت جنوبی پنجاب کا بجٹ صرف اس خطے کی ترقیاتی سکیموں پر ہی خرچ ہوگا تاکہ عوام کا احساس محرومی ختم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ میٹرو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی زیر تعمیر عمارت کو جلد مکمل کیاجائے گا اس حوالے سے فنڈز کی ترسیل ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
ایڈینشل چیف سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی اپ گریڈیشن کیلئے قومی تعمیر نو کے محکموں کو ٹاسک دے دیا گیا ہے تمام منصوبوں کی ازخود نگرانی کی جائے گی۔شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے زاہد اختر زمان نے کہا کہ شجرکاری کے ذریعے ملتان کو سرسبز و شاداب بناکر ماحول میں خوشگوار تبدیلی لائیں گے،ملتان کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے 4 کروڑ 80 لاکھ کی لاگت سے شاہ شمس پارک کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے کہا کہ ملتان اپنی صدیوں پرانی تہذیب کے باعث دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے اس خطے کے مسائل حل کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اسی ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے نئے انتظامی و پولیس سیٹ اپ کی تشکیل کے ذریعے انقلابی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے جس کے ثمرات جلد عوام کو نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔
کیپٹن ر ظفر اقبال نے کہا کہ جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے تعمیر و ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا اور شہریوں میں پائے جانے والے احساس محرومی کا بھی ازالہ ہوگا۔اس مو قع پر سیکرٹری ہاو سنگ لیاقت علی چٹھہ اور چیر مین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔











