جہلم،07 دسمبر(اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے سوہاوہ اراضی ریکارڈ سنٹر کا اچانک دورہ کیا ۔ جہاں انہوں نے القادر یونیورسٹی کی اراضی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ القادر یونیورسٹی ایک سال تک مکمل ہو جائے گی،القادر یونیورسٹی روحانیت کی تعلیم کے لیے خصوصی تحفہ ہے،کچھ تکنیکی معاملات کی وجہ سے یونیورسٹی کی تعمیر تاخیر کا شکار ہوئی،یونیورسٹی کی تعمیر کا کام اب تیزی سے مکمل کیاجارہا ہے،القادر یونیورسٹی خطہ کے طلباء کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گی ۔
زلفی بخاری نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر خطرناک ہے، ہمیں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا،پی ڈی ایم کےجلسوں میں کورونا ایس او پیز کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی کارنر میٹنگز حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں،پی ڈی ایم کی تحریک احتساب سے بچاؤ کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے،ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن اور جلسے کرے اور ایکسپوز ہو ں ،پی ڈی ایم نے ثابت کر دیا کہ انہیں عوام کی فکر نہیں ،حکومت پاکستان کورونا ویکسین کے لیے کئی ممالک سے رابطے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو لانے کے لیے برطانیہ کی حکومت سے بات چیت چل رہی ہے ،نواز شریف جس بیماری کی بنیاد پر بیرون ملک گئے وہ اب بالکل ٹھیک ہیں،نواز شریف جھوٹ بول کر بیرون ملک بھاگے ،ان کو واپس لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔











