ملتان ،08 دسمبر (اے پی پی ): کمشنر جاوید اختر محمود کی زیر صدارت میٹروپولیٹن کارپوریشن کا جائزہ اجلاس منگل کو یہاں منعقد ہوا ، اجلاس میں شہر اولیاء کی خوبصورتی مانند کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ، کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا وال چاکنگ کروانے والے عناصر کی سرکوبی کی جائے،کمشنرنے وال چاکنگ مافیا کو بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسداد تجاوزات آپریشن میں تیزی لائی جائے۔
کمشنر نے تمام یونین کونسلوں میں سٹریٹ لائٹس فعال کرنے کا حکم بھی جاری کیا ،سٹریٹ لائٹس کے بارے میں بنائی گئی کمیٹی کو فوری رپورٹ کا حکم بھی دیا ۔کمشنرنے کارپوریشن کی سرکاری گاڑیوں، رہائش گاہوں کی تفصیلات بھی طلب کی ۔
کارپوریشن کے میونسپل افسران،بلڈنگ انسپکٹرز نے کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی ۔انہوں نے بتایا کہ 34 گھریلو،11 کمرشل غیر قانونی تعمیرات کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ غیر قانونی تعمیر 2 ہال سر بمہر کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر سی او کارپوریشن شاہد اقبال، ڈپٹی سی او اقبال فرید ، ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد ،ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی بھی موجود تھے۔











