اپوزیشن ملکی اداروں کیخلاف بات کرکے ملک کو کمزور کرنے کی سازش کررہی ہے؛ پارلیمانی سیکریٹری بشریٰ رند

118

کوئٹہ، 14 جنوری (اے پی پی): پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات بشریٰ رندنے کہا ہے کہ پی ڈی ایم آہستہ آہستہ ناکامی کی طرف جارہی ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں میں شرکاءکی تعداد کم ہوتی جارہی ہے، اپوزیشن ملکی اداروں کیخلاف بات کرکے ملک کو کمزور کرنے کی سازش کررہی ہے۔

 آفیسر زکلب کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری بشری رند نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی قیادت لورالائی کے جلسے میں نظر نہیں آئی، اپوزیشن جماعتیں ان کو ہدف بنارہے ہیں جو ہماری حفاظت کرتے ہیں۔انہوں نے  کہا کہ  ملکی اداروں کیخلاف بات کرناملک کو کمزور کرنے کے مترادف  ہے ۔

بشریٰ رندنے کہا کہ  اپوزیشن ملکی اداروں کیخلاف بات کرکے ملک کو کمزور کرنے کی سازش کررہی ہے، دنیا میں سیاست ہوتی ہے اور اپوزیشن بھی،مگر کوئی ملکی اداروں کیخلاف بات نہیں کرتا۔انہوں  نے کہا کہ  اپوزیشن ذاتی مفادات کیلئے ملک کیلئے مسائل پیدا کررہی ہے ،ملک میں مہنگائی،غربت اورکرپشن کی وجہ ماضی کی حکومتیں ہیں۔

 پارلیمانی سیکریٹری  نے کہا کہ موجودہ اپوزیشن کی جماعتوں نے اپنے ادوار میں غربت اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی سیاست نہ کی جائے جس سے عوام کا نقصان ہو،جلسوں میں بلاکر اپوزیشن جماعتیں عوام کو کورونا کا شکار کرنے کے درپے ہیں۔