اسلام آباد،18جنوری (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے ’’ری انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی رائٹس‘‘ ترمیمی بل 2020 کی متفقہ طور پر منظوری دی جبکہ سینیٹر فاروق حامد نائیک کے گارڈین اینڈ وارڈ ترمیمی بل 2020، میاں رضا ربانی کے آئین کے آرٹیکل 89 میں ترمیم کے بل 2020 جبکہ پاکستان پینل کوڈ ترمیمی بل 2020 ، سینیٹر قرۃ العین مری کے آرئین کے آرٹیکل 11 میں ترمیم کے بل، سینیٹر رخسانہ زبیری کے آئین کے آرٹیکل 100 میں ترمیم کے بل اور آئین کے آرٹیکل 93 میں ترمیم کے بل کو مزید بحث کیلئے موخر کر دیا۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر جاوید عباسی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا جبکہ اجلاس کے آغاز پر صدارت سینیٹر سیف نے کی۔ ۔ اجلاس کے دوران کمیٹی نے سینیٹر جاوید عباسی کے بل کی متقفہ منظوری دی جبکہ سینیٹر رخسانہ زبیری کے اٹارنی جنرل کے اختیارات اور فرائض سے متعلق ترمیمی بل میں مزید اصلاحات لانے جبکہ سینیٹر میاں رضا ربانی و سینیٹر قرۃ العین مری کے بل پر مزید بحث کی گئی۔ سینیٹر سراج الحق کے وزیراعظم کے ایڈوائزر کے صدر مملکت نے حلف اٹھانے سے متعلق آئینی ترمیمی بل کو بھی آئندہ اجلاس تک کیلئے موخر کر دیا۔ اجلاس میں سینیٹر سراج الحق، سینیٹر رخسانہ زبیری ، سینیٹر مصدق ملک، سینیٹر قرۃ العین مری سمیت وزارت قانون و انصاف کے حکام نے شرکت کی۔











