پشاور ،18مئی(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کی زیرصدارت زعفران کاشتکاری کی منصوبہ بندی سے متعلق گورنر ہاؤس پشاور میں منگل کو اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں گورنر کو محکمہ زراعت کی جانب سے صوبہ میں زعفران کی کاشت کی استعداد، موزوں علاقے اور مطلوبہ اراضی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اسکے ساتھ ساتھ زعفران کی حکومتی و کمیونل لینڈ پر کاشت، دیکھ بھال اور بنجر زمین کو قابل استعمال لانے سے متعلق مختلف تجاویز کے علاوہ محکمہ زراعت کے چترال اور شمالی وزیرستان میں زعفران کی کامیاب کاشت کے تجربہ بارے بھی بریفنگ دی گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی زمین موسمیاتی اعتبار سے معیاری زعفران کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہے جبکہ زعفران کی بڑے پیمانے پر کاشت مقامی زمینداروں کی آمدن میں اضافہ کا باعث بنے گا۔