سکھر،10جون(اے پی پی ): آئی جی موٹروے سید کلیم امام نے کہا ہے کہ ڈہرکی اور ریتی کے مقام پر دو ٹرینوں کے حادثے کے بعد موٹر وے پولیس نے ریسکیو کے کام میں اپنی بھرپورخدمات سرانجام دیں،تمام ریسکیو اداروں کے ساتھ مل کر حادثے کے زخمیوں کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آئی جی موٹر وے سید کلیم امام کی خصوصی ہدایت پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ کی زیر نگرانی موٹر وے پولیس کی ریسکیو ٹیم ہڈرالک کٹر کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچی اور کٹر کے ذریعے زخمیوں کو ٹرین سے نکالنے میں ریسکیو اداروں کی مدد کی اور متعدد زخمیوں کو ریسکیو کیا گیاجبکہ زخمیوں کے لئے موٹر وے پولیس کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا جس میں دیگر طبی امداد کے ساتھ ساتھ ٹھنڈہ پانی اور مشروبات بھی زخمیوں کو فراہم کیا گیا۔
ٹرین حادثے کے زخمیوں کے لئے موٹر وے پولیس کے جوانوں نے خون کے عطیات بھی دئیے۔ اس کے علاوہ ایس پی موٹر وے جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے پیٹرولنگ کی اضافی گاڑیاں چلائی گئیں تاکہ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لئے ہسپتالوں تک پہنچایا جاسکے۔