خواتین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے وومن بازار اور انکیوبیشن مراکز قائم کیے جا رہے ہیں:وزیراعلی جام کمال خان

32

کوئٹہ،22جون(اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے  کہا ہے کہ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں خواتین کو سہولیات کی فراہمی کے لیے وومن بازار اور انکیوبیشن مراکز قائم کیے جا رہے ہیں  جبکہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 33 اضلاع میں اسپورٹس کمپلیکسز بنائے جارہے ہیں۔

ان خیالا ت کا  اظہا ر وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان  نے   کوئٹہ کے مطالعاتی دورے پر آئی ہوئی گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کی طالبات نے ملاقات  میں کیا ۔ اس موقع پر پر وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ مطالعاتی دورے سے یقیناً طالبات کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں  نے کہا کہ گوادر شہر میں سیاحتی مقامات کی ترقی کے لیے ریزورٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں اورکھیلوں کے فروغ کے لیے گوادر شہر میں اسپورٹس کمپلیکس اور فٹسال  بنائے جا رہے ہیں۔

 وزیراعلی نے کہا کہ آپ کھیل کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دیں اور ایسے شعبے کا انتخاب کریں جو آئندہ گوادر شہر کی ضرورت اور ترقی کے لئے بروئے کار لایا جائے۔

 مطالعاتی دورے پر آئی طالبات نے کہا کہ  کوئٹہ کا مطالعاتی دورہ نہایت ہی شاندار رہا،  ہمیں یہاں کے لوگوں سے بے پناہ محبت ملی اور ہم امید کرتے ہیں کے ایسے مطالعاتی دورے آئندہ بھی ہوں گے۔ طالبات نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر میں بھی چائنیز سینٹر قائم کیا جائے۔

مطالعاتی  دورے کی طالبات کو  وزیر اعلی نے کیش پرائز  دیئے اور طالبات نے وزیراعلی کے ہمراہ سیلفیاں بنائیں ۔ملاقات میں صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ، پارلیمانی سیکٹری اطلاعات محترمہ بشریٰ رند، سینیٹر دنیش کمار اور سیکریٹری کھیل عمران گچکی بھی شریک تھے۔