ملتان کو مون سون کے اثرات سے بچانے کے لئے واسا ملتان اپنے آپ کو تیار رکھے: آغا محمد علی عباس

57

ملتان، 22 جون (اےپی پی): ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس نے کہا ہے کہ ملتان کو مون سون کے اثرات اور مسائل سے بچانے کے لئے واسا ملتان اپنے آپ کو تیار رکھے۔ تمام مشینری اور سٹاف ایمرجنسی کے لئے 24 گھنٹے تیار حالت میں رکھے جائیں اور عوام کی شکایات سننے اور مسائل حل کرنے کے لئے ایم ڈی اے سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کیا جائے جو 24 گھنٹے فنگشنل رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس نے ایم ڈی اے اور واسا آفیسران سے مون سون کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کیا ۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا کہ  ملتان شہر کے نشیبی علاقے یا ایسے علاقے جہاں سیوریج کے مسائل زیادہ ہیں ایسے علاقہ جات کا نقشہ تیار کیا جائے تاکہ ان علاقہ جات کے مسائل کے مطابق مشینری اور سٹاف مختص کیا جائے۔ آغا محمد علی عباس نے واسا آفیسران کو ہدایت کی کہ ایک کوئیک ریسپانس فورس تشکیل دی جائے جو  کمپلینٹ پر عمل درآمد کرنے کے لئے 24 گھنٹے تیار رکھی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ مون سون کنٹرول رومز کے رابطہ نمبرز عوام الناس کی آگاہی کیلئے ایم ڈی اے اور واسا کے آفیشل فیس بک پیجز اور ویب سائیٹس کے ذریعے مشتہر کئے جائیں۔مون سون کے سلسلے میں واسا کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات بمعہ تصاویر فیس بک اور ویب سائیٹ کے ذریعے عوام تک پہنچائے جائیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے ہدایت کی کہ ریسپانس ٹائم کم سے کم ہونا چاہیے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ا ے چوھدری محمد اصغر،ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن ایم ڈی اے شاکر عباس بزدار، ڈائریکٹرانجینئرنگ ایم ڈی اے غلام نبی،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن واسا موسیٰ خان،ڈائریکٹر ورکس واسا شہزاد منیر، ڈائریکٹر انجینئرنگ واساعبدالسلام، ایکسین ڈسپوزل ڈویژن عارف عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج نارتھ ڈویژن محمد ساجد، ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج سنٹرل ڈویژن حافظ محمدوقاص، ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ ایم ڈی اے محمد آفاق بھٹی،ایکسین ڈویژن 3 ایم ڈی اے منعم سعید و دیگر شریک تھے۔