خیبر پختونخوا اسمبلی نے تاریخی اور عوام دوست بجٹ پاس کیا ہے؛  صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ وزیر

18

پشاور، یکم جولائی(اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ عوامی مسائل حل کرنا تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، خیبر پختونخوا اسمبلی نے رواں مالی سال2022-2021 کا تاریخی اور عوام دوست بجٹ پاس کیا ہے جس سے صوبے کے تمام بندوبستی اور نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا جو علاقے سے محرومیوں اور پسماندگی کا خاتمہ کردیگا۔

 ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے لوگوں کے مسائل کی دادرسی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ صحت کا شعبہ خیبرپختونخوا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے دوسرے اضلاع کیطرح بنوں کے ہسپتالوں کی عالمی معیار کے مطابق تعمیر و مرمت، تزئین و آرائش  کیلئے  بھی اربوں روپے راواں مالی سال میں مختص کیے گئے ہیں۔

 ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا کہ عوام نے ہم کو خدمت کیلیے منتخب کیا ہے عوامی مشکلات اور مسائل کو حل کرنے کیلیے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں اور جلد ہی ان مسائل پر قابو پالیا جائیگا۔  انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور ویژن کے مطابق پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کررہے ہیں تمام اداروں کو بدعنوانی سے پاک کرکے شفافیت اور مضبوط کررہے ہیں۔