وہاڑی،یکم جون (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر مبین الہی کی زیر صدارت کورونا ویکسی نیشن اور ”خدمت آپکی دہلیز پر ” اور ریونیو ریکوری پروگرام کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کورونا ویکسی نیشن اور خدمت آپکی دہلیز پر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کرونا سے بچاؤ کا واحد ذریعہ ویکسینیشن ہی ہے، دیہی مراکز صحت میں کورونا ویکسی نیشن کو مزید تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 20 بنیادی مراکز صحت میں بھی کرونا ویکسینیشن کا آغاز کیا جارہا ہے، اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی تحصیلوں میں سو شل موبلائزیشن کریں۔
مبین الہی نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر اب کرونا ویکسینیشن پر مکمل فوکس کریں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں کرونا ویکسینیشن کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں روزانہ 300 لوگوں کی کرونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر کرونا ویکسینیشن کا ٹارگٹ پورا کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ اور سکول ملازمین کی فیملیز بھی کرونا ویکسینیشن کروائے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام ”خدمت آپکی دہلیز پر ”کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے،عوام کی طرف سے آنےوالی شکایات کو فوری حل کیا جائے، میونسپل کمیٹیز اور تحصیل کونسلز متحرک ہو کر کام کریں، سرکاری پانی کی ٹینکوں کی صفائی اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کے فلٹر تبدیل کئے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے کہا کہ کچہریوں،حوالات کی صفائی اور سرکاری سکولوں کو وائٹ واش کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہے،میونسپل سروسز کے حوالے سے عوام کا اعتماد بحال کیا جائے، 30 جون تک ضلع وہاڑی میں ریکارڈ ریونیو ریکوری ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر نے بہترین ریونیو ریکوری کے لیے اے ڈی سی ریونیو اشفاق الرحمن خان ،اے سی وہاڑی محمد جعفر چوہدری ،اے سی میلسی عبدالرزاق علی ڈوگر، اے سی بورے والا عمر فاروق کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بورڈ آف ریونیو کے شروع کردہ اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے، دہی مراکز مالز پر بھی عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،عوام کی ملکیت اراضی کے ساتھ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے اندراج کو تیز کیا جائے، میوٹیشن کو بھی جلد مکمل کیا جائے، لوگوں کو ڈینگی کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی آگاہی دی جا ئے،ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کر نا انتہائی ضروری ہے۔
اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو اشفاق الرحمن خان، اے ڈ ی سی فنانس مظفر خان، اے سی وہاڑی محمد جعفر چوہدری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال، سی ای او ایجو کیشن محمد صہیب عمران، ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم، ایم ایس ڈاکٹر محمد فاضل، سی او تحصیل کونسل ناصر نعمان شاہ اور ایم او بلدیہ وہاڑی عزیر احمد بھی موجود تھے۔